ممبئی، 23/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے صرف دو دن بعد ہی عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔ مہانگر گیس لمیٹڈ نے ممبئی میں سی این جی کی قیمت میں 2 روپے فی کلو کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی اور کہا، ’’الیکشن ختم، وصولی شروع۔ ممبئی میں سی این جی کی قیمت 2 روپے بڑھا دی گئی ہے، اور ابھی چند دن پہلے یوپی میں بھی یہی اقدام کیا گیا تھا۔‘‘
کانگریس نے اس پوسٹ میں پی ایم مودی کا نام لیے بغیر انھیں بھی ہدف تنقید بنایا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’انتخاب ختم ہوتے ہی ’مہنگائی مین‘ کا قہر عوام پر برسنے لگا ہے۔‘‘ دراصل کانگریس اکثر پی ایم مودی کو ’مہنگائی مین‘ کہہ کر پکارتی رہی ہے۔ ممبئی میں سی این جی کی بڑھی قیمتوں کے بعد ایک بار پھر کانگریس نے پی ایم مودی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مہانگر گیس لمیٹڈ نے سی ایم جی کی قیمتوں میں آج سے اضافہ کر دیا ہے۔ پہلے ممبئی میں سی این جی 75 روپے کلو فروخت ہوتی تھی، لیکن اب یہ 77 روپے فی کلو ملے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہانگر گیس پائپ لائن فراہمی کی قیمت بھی بڑھا سکتی ہے جس سے گھریلو اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق حکومت کی طرف سے گھریلو قدرتی گیس کی سپلائی کم کرنے کے سبب سی این جی فروخت کرنے والی کمپنیوں کو قیمت بڑھانے کا فیصلہ کرنا پڑا ہے۔ اب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دوسری کمپنیاں، مثلاً اندرپرستھ بھی گیس کی قیمت میں اضافہ کر دے۔